لودھراں(ڈسٹرکٹ رپورٹر )لالچی باپ نے کم عمری میں بچی کا نکاح پڑھا دیا، بھائی نے پولیس کی مدد سے رخصتی رکوا دی برتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق بچی کی عمر 13 سال ہے لڑکی کے بھائی کی طرف سے کارروائی کا مطالبہ کردیا گیا، لودھراں کی تحصیل دنیاپور کے چک 386ڈبلیو بی میں رمضان جام نے چند روز قبل پیسوں کے لالچ میں آ کر کم سن بیٹی عظمی کا نکاح پڑھوادیا۔ بچی کا بھائی عمران لاہور میں مزدوری کرتا ہے جیسے ہی اسے معلوم ہوا تو وہ فوری طور پر گھر پہنچا اور اپنے والد اور دیگر رشتہ داروں سے بات کی، لڑکی کی رخصتی کیلئے لڑکے والے پہنچے تو عمران نے تھانہ جلہ آرائیں کو اطلاع دی اور پولیس نے فوری طورپر پہنچ کر رخصتی رکوا دی، بھائی نے پولیس اور میڈیا کو یونین کونسل کا برتھ سرٹیفیکیٹ دکھایا جس کے مطابق بچی کی عمر ابھی 13 سال ہے باپ نے نادرا کا ب فارم دکھایا جس کے مطابق لڑکی کی عمر 17 سال ہے ، ب فارم نکاح والے دن بنوایا گیا ہے ، پولیس تھانہ جلہ ارائیں نے کہا ہم اس معاملے کو ہرپہلو سے دیکھ رہے ہیں، یونین کونسل سے برتھ سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کرالی جائے گی اور اس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔