اسلام آباد ،راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ،خصوصی نیوز رپورٹر ، نامہ نگار خصوصی ، سپیشل رپورٹر ،92نیوزرپورٹ ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفاد کے امور پر باہمی تعاون جاری رکھیں گے ، دونوں صدور نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کو اسلامو فوبیا سمیت امت کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے ۔تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ایوان صدر میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی، صدر پاکستان نے دونوں ممالک کے مابین بہتر اور کثیر الجہتی تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس سے پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ صدر علوی نے ترک صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر کے بارے میں ان کے اصولی موقف پر شکریہ ادا کیا، صدر علوی نے افغانستان میں قیام امن اور مفاہمت کے لئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو افغانستان میں شورش کے بعد تعمیرنو میں اپنی مدد کو بڑھانا چاہئے ۔ بعد ازاں صدر عارف علوی نے ترک صدر ، اہلیہ اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔جس میں آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ ،وفاقی وزرا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔دریں اثنا پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس (آج) دن گیارہ بجے ہوگا ،ترک صدر خطاب کریں گے ۔ ترک صدر جمعہ کی نماز فیصل مسجد میں ادا کریں گے ،ترک صدر اور وزیراعظم میں ون آن ون ملاقات ہو گی ،دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات ، کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے ،دونوں سربراہان مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں ترک سفیر مصطفی ٰیرداکل نے کہا کہ سی پیک تکمیل کے مراحل میں ہے اور ترکی اس منصوبے میں قائم ہونے خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ پاکستان اور ترکی وفد کی تجارت اور سرمایہ کاری کے جوائنٹ ورکنگ گروپ نے مفاہمت کی دو یادداشتوں کو حتمی شکل دی، پاکستان اور ترکی کے وفد کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا جبکہ مشترکہ ورکنگ گروپ برائے سٹریٹجک معاشی فریم ورک کا اجلاس بھی ہواسینئر جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عبد الستار کھوکھر اور ڈپٹی ڈی جی (ریگولیٹری) سول ایوی ایشن اتھارٹی ائیر کموڈور سید ناصر رضا ہمدانی نے اجلاس کو پی آئی اے اور پیگاسس کے مابین کوڈ شیئرنگ معاہدے سے متعلق آگاہ کیا دونوں فریقوں نے ہوائی جہازوں کی بحالی ، تربیت اور ہوائی اڈوں کے کاموں کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔