لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہر کی پائیدار ترقی میرا عزم ہے ، جسے پورا کروں گا اورپسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے ، سابق ادوار میں جن شہروں کو نظر انداز کیا گیا، وہاں اتنے ترقیاتی فنڈز دیں گے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملے گی۔وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے مخصوص ایجنڈے کے تحت پنجاب کے کئی شہروں کو ترقی سے محروم رکھا اورسابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث عوام کے مسائل بڑھے ، انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے آنے والے سالوں کے بجٹ میں ہر علاقے کی یکساں ترقی کے لئے جامع حکمت عملی وضع کر لی ،جس کے تحت پنجاب کے ہر شہر اور ہر قصبے کی ترقی کے لئے متناسب وسائل فراہم کئے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ، نئے پاکستان میں عام آدمی سر اٹھا کر جئے گا،ہم باتیں نہیں کام کر کے دکھاتے ہیں،لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے ،انہوں نے کہا کہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں،ماضی میں قومی خزانے پر بے دردی سے ہاتھ صاف کئے گئے اور لوٹ مار کر کے ذاتی تجوریاں بھری گئیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں صرف اشرافیہ کو نوازنے کیلئے پالیسیاں بنائی گئیں اورمخصوص طبقہ امیر ہوتا گیا اور عام آدمی غریب،نئے پاکستان میں اس ظالمانہ نظام کی کوئی گنجائش نہیں۔وزیر اعلیٰ پنجابنے شیخوپورہ میں پولیس وین کے حادثے میں پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیراعلیٰ نے جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ،وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔