لاہور (سپیشل رپورٹر ) ماڈل ٹاؤن کے علاقہ لیاقت آباد میں سلار وڈ پر غباروں میں گیس بھرنے والی ٹینکی زور دار دھماکے سے پھٹ گئی ،خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے ،دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ، قریبی دکانوں اور گھر وں کے شیشے ٹو ٹ گئے ، عینی شاہدین کے مطابق مجید نامی غبارہ فروش گیس ٹینکی میں مکسچر مکس کر رہا تھا کہ کھانا کھانے کے لیے گھر چلا گیا اور ساس کو ٹینکی کے پاس بٹھا گیا ،اسی اثنائمیں زور دار دھماکے سے خاتون سمیت تین افراد دم توڑ گئے ، چاروں زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،مرنے والوں میں 50 سالہ اسحاق ، 18 سالہ عظیم اور خاتون شامل ہیں، زخمیوں میں 17سالہ شاہ ویز ،30 سالہ انور و دیگر شامل ہیں ، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، میتیں ورثاکے حوالے کر دی گئیں ، پولیس ، رینجرز ، سی ٹی ڈی ، بم ڈسپوزل اور فرانزک ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ، پولیس کے مطابق مجید گھر کو تالا لگا کر فرار ہوگیا تاہم اسکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ دریں اثنا رحیم یار خان سے سٹی رپورٹر کے مطابق غباروں میں گیس بھرنے کے دوران س گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ماں باپ کے ہمراہ خریداری کیلئے آنے والا 8سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے دکاندار کو گرفتار کر لیا۔