لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب کی سابق حکومت کی19 ارب سے مکمل کی گئی لیپ ٹاپ سکیم کی خریداری میں مبینہ کرپشن، متعلقہ رولز کی خلاف ورزی ، غیر معیاری خصوصیات کی حامل مشینری کی خریداری اور فراہم کرنے والی فرموں کوبے جا مالی فائدہ دینے پر نیب میں تحقیقات آخری مراحل میں پہنچ گئی جس میں شہباز شریف کے خلاف ایک اور تحقیقات و ریفرنس دائر کرنے کا قوی امکان ہے ۔ پنجاب کی سابق حکومت نے شہباز شریف کی سربراہی میں جون 2011 سے اپریل 2018 تک صوبہ بھر میں لائق، ذہین اور پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کو اعزاز کے طور پر دینے کے لئے 19 ارب کی لاگت سے 4 لاکھ 25 ہزار لیپ ٹاپ خریدے تھے ۔ نیب نے لیپ ٹاپ سکیم کی مارچ میں باقاعدہ انکوائری شروع کی تھی۔روزنامہ 92 کی تحقیقات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حکم پر میٹرک سے لیکر ڈاکٹریٹ ڈگری تک کے لائق، ذہین اور پوزیشن لینے والے طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے جون 2011 میں لیپ ٹاپ دینے کا منصوبہ شروع کیا ۔ پنجاب کی سابق حکومت نے ابتدائی طور پر ایک لاکھ طلبا میں ٹیبلٹ تقسیم کرنے کے لئے دو ارب کے فنڈز مختص کئے لیکن بعد میں وزیراعلیٰ پنجاب کی خواہش پر ٹیبلٹ کی بجائے لیپ ٹاپ دینے کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا اور فنڈز بھی دو ارب سے بڑھا کر 4 ارب کردیئے گئے ۔ پنجاب حکومت نے ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی خریداری کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی لیب پراجیکٹ بنایا اور میڈیا میں خریداری کا اشتہار دیا گیا جس کے نتیجہ میں مختلف کمپنیوں کی طرف سے پیشکش آئیں اور ان باکس (In Box ) کو 4 ارب کی پیشکش پر لیپ ٹاپ کی فراہمی کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ اس طرح پنجاب حکومت نے 39 ہزار کے حساب سے لیپ ٹاپ خریدے گئے ۔ ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی تقسیم کے بعد ایک لاکھ مزید لیپ ٹاپ 39 ہزار فی لیپ ٹاپ قیمت پر نیو ہوریزن(New Horizan )کمپنی سے 4 ارب کی لاگت سے خریدے گئے ۔ تیسری سکیم میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ64 ہزار فی لیپ ٹاپ قیمت پر خریدے گئے تھے اور چوتھی سکیم میں ایک لاکھ 15 ہزار لیپ ٹاپ 7 ارب میں میگا پلس( Mega Plus ) کمپنی سے خریدا گیا تھا۔ پہلی اور دوسری سکیم کیلئے لیپ ٹاپ انفارمیشن ٹیکنالوجی لیب پراجیکٹ نے خریدے جبکہ تیسری اور چوتھی خریداری محکمہ ایجوکیشن نے کی تھی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ صوبائی حکومت نے اپنی مدت پوری ہونے سے قبل کل خریدے گئے لیپ ٹاپ میں سے 4 لاکھ 10 ہزار لیپ ٹاپ طلبا ء و طالبات میں حکومتی امور میں سادگی پالیسی کے باوجود پرتکلف تقریبات کا اہتمام کرکے سابق وزیر اعلیٰ، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، سابق وزیر اعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور صوبائی وزراء کے ہاتھوں تقسیم کرائے جبکہ باقی تقریبا 15 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کے لئے باقی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ صوبے میں لیپ ٹاپ سکیم کا اجراء بغیر ہوم ورک عجلت میں کیا گیا تھا کیونکہ عمران خان کی بڑھتی ہوئی شہرت کی وجہ سے سابق پنجاب حکومت خائف تھی۔ نیب میں پہلی سکیم کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں جس میں آئی ٹی لیب میں تعینات رہنے والے بیورکریٹ جودت ایاز اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سابق چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اسلم اور سابق سیکرٹری تعلیم محمد اسلم کمبوہ کو تحقیقات میں شامل کیا ہے ۔ نیب ذرائع کے مطابق پہلی سکیم کی خریداری میں ثابت ہورہا ہے کہ اس میں زائد قیمت پر غیر معیاری اور کمتر خصوصیات کے حامل لیپ ٹاپ خرید کر فرم کو بھاری مالی فائدہ دیا گیا ، کیونکہ اس فرم سے خریداری کی حتمی منظوری سابق وزیراعلیٰ نے دی تھی اور ان پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اوراب انکوائری آخری مراحل میں ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ لیپ ٹاپ سکیم میں مبینہ کرپشن پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحقیقات شروع کرکے ریفرنس دائر ہوسکتا ہے ۔