اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے ، کھوئی رٹہ پر بھارتی فوج کی تازہ ترین اشتعال انگیزیوں سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔پاکفوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے ایک ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے کھوئی رتہ سیکٹر پر ایل او سی پر موجود شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے خود کار ہتھیاروں کا اندھادھند استعمال کیا، جس سے فائرنگ جگوٹ گائوں کا ایک رہائشی شدید زخمی ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لئے قریبی شفا خانے پہنچادیا گیا۔علاوہ ازیں پاکستان نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ 17 مئی کو کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ سے شہری زخمی ہوا، رواں سال بھارت اب تک جنگ بندی کی 1081 بار خلاف ورزیاں کرچکا ہے ، بھارتی فورسز مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارتی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے ، بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت اقوام متحدہ، سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے ۔