لاہور(خصوصی نمائندہ،جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت 90شاہراہ قائداعظم پرگوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیااورآئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی تجاویز پر غورکیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہدایات دیں۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں اور نئی سکیموں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔وزے راعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ صوبے میں ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے ۔ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں انصاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے ۔ شوبازی کا دور گزر چکا ، اب صرف کام ہوتا ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے محکمہ پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر میں کرونا وائرس کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ کیااوروائرس کی مانیٹرنگ کے نظام کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کرونا وائرس کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ مچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی صفائی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔تمام احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔بروقت اقدامات کے باعث کرونا وائرس کا کوئی مریض پنجاب میں نہیں ۔بعدازاں سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دین اسلام سماجی انصاف،مساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے سماجی ناانصافی کے باعث کشمیری عوام کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے ۔دریں اثنا انہوں نے سینئر صحافی فصیح الرحمن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔