لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے ، معاشی تعلقات کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ پاکستان، متحدہ عرب امارات بزنس کونسل کے قیام کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ ملاقات میں معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مستقبل میں قریبی رابطوں کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو معاشی تعاون میں بدلنے کا وقت آ گیا ہے ،معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بزنس ٹو بزنس وفود کے تبادلے ضروری ہیں اور میری خواہش ہے کہ میں پہلی فرصت میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں، متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو متحدہ عرب امارات آمد پر خوش آمدید کہیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں کیوبا کے سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے نے بھی ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں خصوصاً ہیلتھ کیئر میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں فلاح عامہ کیلئے جاری سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔