لاہور(سٹاف رپورٹر)محرم الحرام میں ملک بھر میں بین المسالک رواداری کا عظیم مظاہرہ ہوا ، امن وامان کے قیام اور بین المسالک رواداری کے فروغ پر علماء و مشائخ ، افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، 13 ستمبر کو جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر اور فلسطین منایا جائے گا ، یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل کے دفتر میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مفتی ضیاء ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا حق نواز ، مولانا زبیر ، مولانا عثمان ، مولانا عبد اللہ ، مولانا عبد الحکیم اطہر ، مولانا اسلام الدین ، مولانا اشفاق پتافی ،مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا زبیر عابد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین المسالک رواداری کیلئے علماء و مشائخ کا بھرپور کردار ہے ، گذشتہ چند دہائیوں میں جس طرح ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر امن و امان کی صورتحال کو خراب کیا جاتا رہا ، الحمد للہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے و الے جید علماء و مشائخ کی کاوشوں سے اس پر ناصرف قابو پا لیا گیا بلکہ اس عرصے میں بین المسالک رواداری کو بھی فروغ دیا گیا ہے ۔