جیکب آباد( نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اکتوبر میں اسلام آباد ڈاؤن کے اعلان کے بعد حکومت سخت پریشان ہے ،حکومت یہ تحریک روکنے کے لیے حکمت عملی تیارکررہی ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت میں شامل ایسی اہم شخصیت جن کے تعلقات جے یوآئی کی قیادت سے ہیں کو رابطے رکھنے کاٹاسک دیاگیاہے ۔اس ضمن میں گزشتہ روزوفاقی وزیرنجکاری محمد میاں سومرو نے جے یوآئی سندھ کے سیکرٹری جنرل اور مولانا فضل الرحمٰن کے قریب ترسمجھے جانے والے رہنما علامہ راشدمحمود سومروسے ملاقات کی ۔ذرائع نے بتایاکہ محمدمیاں سومرونے اکتوبرمیں حکومت مخالف تحریک موخرکرنے کی درخواست کی اورفضل الرحمٰن سے ملاقات کی خواہش کابھی اظہارکیاہے ۔ذرائع کے مطابق علامہ راشد محمود سومرونے وفاقی وزیر کودوٹوک اندازمیں کہاکہ اب معاملات جے یوآئی کے ہاتھ میں نہیں رہے بلکہ حکومت مخالف تحریک تمام اپوزیشن جماعتوں کامشترکہ فیصلہ ہے ۔