لاہور ( کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ میاں انجم نثار کی جانب سے الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔نیو منسٹر بلاک کے آفس میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت میاں نعمان کبیر اور وزیر برائے ہائوسنگ سعید اﷲ بابر سے ملاقات میں مختصر نگران دور اقتدار میں کی جانیوالی کاوشوں اور مستقبل میں آنیوالے صوبائی وزراء کے لئے قائم کردہ روڈ میپ کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔صوبائی وزیر میاں انجم نثار نے کہا کہ اپنے مختصر دور اقتدار میں صوبہ بھر کی انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ پنجاب بھر میں سرمایہ کاروں کو تحفظ اور با لخصوص پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے محکمہ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے اقدامات یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے باعث صنعتوں کو فروغ مل رہا ہے اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے مستقبل میں انڈسٹری کو درپیش مسائل کوحل کیا جا سکتا ہے ۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ نگران حکومت کابنیادی مقصد شفاف الیکشن کو یقینی بناناتھا اور انہیں خوشی ہے کہ پنجاب کابینہ کی تمام تر ٹیم نے 2018کے جنرل الیکشن کو شفاف اور یقینی بنانے کے لئے بھرپور محنت کی ہے ،جسکی وجہ سے اب وہ مرحلہ آچکا ہے کہ احسن طریقے سے اقتدار نئی آنیوالی حکومت کو منتقل ہونے جا رہا ہے ۔