اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، اے پی پی) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم صفدر کا عوام کے مسائل سے دور دور کا واسطہ نہیں،انھیں سمجھ جانا چاہیے کہ اب انکی بادشاہت کا دور نہیں ،نوازشریف عدالت میںجھوٹے ثابت ہوئے ،وزیراعظم نے انکی چوری بے نقاب کرنے کیلئے کمیشن کے قیام کا اعلان کیا ہے ، اسی وجہ سے انکی چیخیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔انہوںنے پی ٹی وی سے گفتگو میںکہا شریف اور زرداری خاندان نے 24 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ، نوازشریف نے قوم کے بجائے صرف اپنے بچوں کے مستقبل کا سوچا،انکو جواب دینا ہوگا کہ رائیونڈ کا محل اور بیرون ملک اثاثے کیسے بنے ؟ عمران خان قوم کے مسیحا ہیں، اداروں کو مضبوط بنانا ترجیح ہے ۔ادھر فردوس عاشق نے ٹویٹ کیا کہ عوامی وزیراعظم نے قوم سے دل کی بات کرکے ان کے دل جیت لئے ، عمران کا خطاب قوم کی آواز ہے ، حکومت نے نہایت متوازن بجٹ پیش کیا جو معیشت کے استحکام اور ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔ انہوںنے کہا عوام کا درد اور احساس وزیراعظم کی تقریر کا بنیادی جزو تھا، ملک و قوم پر مسلط 2خاندانوں کے استحصالی راج پر کاری ضرب لگا کر حقیقی عوامی تبدیلی لانا وزیراعظم عظیم کارنامہ ہے ۔