لاہور،اسلام آباد (جنرل رپورٹر،وقائع نگار ) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے مریم نواز کو سالگرہ کی مبارک لیکن اب بڑی بھی ہو جائیں۔ یونیورسٹی آف لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اپوزیشن اپنے کیس عدالتوں میں حل کرے ، اس کے علاوہ ہم بات کرنے کو تیار ہیں، پیسے واپس کریں، ہماری طرف سے لندن میں رہیں یا نیویارک، پیرس میں، حکومت کو اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالنے کا شوق نہیں ۔ جنہیں غلط فہمی ہے عمران جنوری سے پہلے جائیں گے وہ تسلی رکھیں، نہ کوئی آرہا ہے اور نہ کوئی جارہا ہے ،حکومت کہیں نہیں جا رہی، نواز شریف 15 جنوری سے پہلے پاکستان آجائیں گے ۔ لندن ایف اے ٹی ایف کے مطالبے پر میاں نواز شریف کو ڈی پورٹ کر سکتا ہے ۔ حکومت کی طرف سے نواز شریف کا خطاب نہ دکھانے کی پابندی نہیں، نواز شریف بھارتی بیانیے کوتقویت دے رہے ، حسن نوازکے ایک اپارٹمنٹ کی قیمت لاکھوں ڈالرمیں ہے ،ان سے پوچھناہے ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا۔سیاسی ڈرامے کرپشن بچانے کیلئے کیے جارہے ہیں۔پی ڈی ایم کی تحریک سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ اگر یہ اب معاملات کو مذاکرات سے حل نہیں کریں گے تو پھر تھک کر ہی آئیں گے ۔پہلے بھی کہا ہم گاڑیاں بیچ کر خسارہ پورا نہیں کر سکتے ،ڈیجیٹل و بائیو ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم اپنی کایا پلٹ سکتے ہیں،ڈرونز بنانے کی پالیسی اسی ہفتے منظور کرائیں گے ۔فیصل آباد میں میڈیکل سٹی بنایا ہے اب سیالکوٹ میں بنائیں گے ۔