واشنگٹن ( نیٹ نیوز ) امر یکہ نے القاعدہ کے دو اہم رہنماؤں سعد بن عاطف العولقی اور ابراہیم احمد محمود القوصی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو مجموعی طور پر 10 ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے القاعدہ کے دو سینئر رہنماؤں کے بارے میں معلومات کی فراہمی پر دس ملین ڈالر تک کے انعامات کا اعلان کیا ہے ۔ امریکا ان رہنماؤں کی گرفتاری یا ہلاکت پر مددگار کو انعامی رقم کی فراہمی اپنے ’انصاف کے لیے انعام‘ اسکیم کے تحت جاری کرے گا۔اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ سعد بن عاطف العولقی کی گرفتاری میں مدد دینے والے کو 6 ملین اور ابراہیم احمد محمود القوصی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 4 ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔سعد بن عاطف العولقی یمن کے ایک صوبے میں القاعدہ کا رہنما ہے جو شدت پسندوں کو امر یکہ پر حملوں کیلئے کئی بار سرعام ترغیب دے چکا ہے جب کہ محمود القوصی کو بھی امریکی شہریوں اور املاک کے لیے خطرہ خیال کیا جاتا ہے ۔