لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،وقائع نگار)حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار مبارک پر976ویں سالانہ غسل کی تقریب گزشتہ روز بعد نماز ظہر منعقد کی گئی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ ، صوبائی اطلاعات وزیر میاں اسلم اقبال، رکن اسمبلی و چیئر مین امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار نذیر چوہان، سیکرٹری اوقاف ذوالفقار گھمن، سیکرٹری آئی اینڈ سی مسعود مختار، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذوالقرنین کے ہمراہ مزار پر انوار کو 5من سے زائد عرق گلاب سے غسل دیا ۔ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے تقریب میں شرکت کی ۔وی وی آئی آئی پی پنڈال میں امور مذہبیہ کمیٹی کے اراکین گروپ ایڈوائزر ’’92‘‘ نیوز اسلم ترین،سردار طالب نکئی، محمد اجمل چیمہ، عون چوہدری ،لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اجمل چوہدری، حاجی حبیب الرحمن، پیر سید ناظم حسین شاہ ،میاں محمد عمران، منظور گجر،محمد سرور علوی راجہ زاہد محمود و دیگر کے علاوہ طارق محمود جاوید ڈائریکٹر عجائب گھر لاہور، خواجہ محمد ظفر اقبال،ہمایوں بٹ، حاجی تبریز چشتی، حاجی محمد شفیع و دیگر بھی موجود تھے ۔ جن کی مہمان نوازی کے فرائض ایڈمنسٹریٹر لاہور زون محمد اشرف، ایگزیکٹو آفیسر داتا دربار بابر سلطان گوندل، ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد محمد علی خا ن اور ترجمان اوقاف شیخ جمیل نے ادا کئے ۔تقریب کا آغازقاری سید صداقت علی ،اور قاری رفیع الدین سیالوی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔جس کے بعد عبد الرزاق جامی،مرغوب احمد ہمدانی،پروفیسر اسرار اعظم چشتی، اور صفدر علی محسن نے نعت رسول مقبول ﷺ پی کرنے کی سعادت حاصل کی۔تقریب میں سید ریاض حسین گیلانی اور ان کے ساتھیوں نے بھی نعت رسول ﷺمقبول پیش کی۔روایت کے مطابق انتظار حسین پارٹی نے منقبت پیش کی۔جس کے بعد مزار پر انوار حضرت داتا گنج بخش ؒ کو عرق گلاب سے غسل دیاگیا۔پھولوں کی چادر چڑھائی۔ خطیب داتا دربار مولانا مفتی محمد رمضان سیالوی نے ملک و ملت کی سر بلندی، ترقی،خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کروائی ۔صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے وزیر اعلی پنجاب کی دستار بندی کی، بعد ازاں وزیر اعلی پنجاب نے مزار پر انوار کے اندر موجود سبھی معززین کی دستار بندی کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے بہترین اقدامات، سکیورٹی پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اتحاد، اتفاق اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ وقت کا تقاضاہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس نظام میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے رویوں میں بہتری لاکرتھانہ کلچر کو تبدیل کرنا ہوگا،حوالات میں بند ملزموں سے ماورائے قانون کوئی اقدام اورپولیس تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس سائلین کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئے ۔برسوں سے جاری فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے پولیس کو پبلک فرینڈلی بنائیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے یوم عاشور کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓنے جان دے دی، باطل کے سامنے سر نہ جھکایا۔ مودی دور حاضر کا یزید بن چکا ہے ، جلد نام ونشان جلد مٹ جائے گا۔مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں شہید جان کی قربانی دے کر کربلا کی کی عظیم ترین روایت کو نبھا رہے ہیں۔ حضرت امام حسین ؓاور دیگر شہدائے کربلا کا غم تاقیامت باقی رہنے والا اثاثہ ہے ۔ نواسہ رسولؐ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی لازوال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے راجن پور میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔