بیجنگ،نئی دہلی( آن لائن،رائٹرز )چین نے مسئلہ کشمیر پر بھارتی موقف مسترد کردیا۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، امید ہے پاکستان اور بھارت باہمی اعتماد کو بڑھائیں گے ۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ چین نے مسئلہ کشمیر پر اپنا موقف بدل لیا ہے ۔دریں اثناء چینی صدر شی جن پنگ 11 اور 12 اکتوبر کو چنائی میں ایک سمٹ میں شریک ہونگے ، اس موقع پر ان کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی ہوگی۔بھارتی حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر چینی صدر نے اپنے دورے کے دوران کشمیر پر بات کی تو انہیں بنادیا جائے گا کہ یہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے ۔بھارتی حکومتی ترجمان راویش کمار نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ بھارت کی کشمیر پر پوزیشن کلیئر ہے اور چین بھی اس سے باخبر ہے ، کسی کو بھارت کے اندرونی معاملات پر رائے زنی نہیں کرنی چاہئے ۔