لاہور(سٹاف رپورٹر، این این آئی) (ن) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں کا احترا م کرتے ہیں لیکن ثابت ہو گیا ہے کہ انکے فیصلے احترام کے قابل نہیں ، یہ دبائو ڈال کر،بلیک میل کر کے لئے گئے فیصلے ہیں ،آج ہمارا یا نواز شریف کا نہیں بلکہ اعلیٰ عدلیہ اور حکومت کا امتحان ہے ، اگر رانا ثنا منشیات کے عالمی گروہ کا حصہ تھے تو پھر اینٹی نار کوٹکس نے تحقیقات کیلئے ان کا جسمانی ریمانڈ کیوں نہیں مانگا ، اب حکومت بھی اس کیس سے الگ ہو رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر ، سائرہ افضل تارڑ، عظمیٰ بخاری، عطا اﷲ تارڑ اور دیگر کے ہمراہ رانا ثنا اﷲ کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔شاہد خاقان عباسی نے پارٹی کی طرف سے رانا ثنا کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری جماعت آپ کے ساتھ کھڑی ہے ۔