لاہور (سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد خواہش تھی کہ فلاحی کام کروں۔ لاہور میں پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے 46 سالہ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں اچھے کام کا حصہ بنا۔ جب کسی کے بچے کو تکلیف ہو تو والدین کیلئے بہت پریشانی ہوتی۔مصباح الحق جو پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر بھی ہیں نے بتایا کہ کرکٹ فیملی نے بھی اس پراجیکٹ میں ہر سطح پر سپورٹ کیا اور یقین ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ تقریب میں سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کیساتھ سابق ٹیسٹ لیگ سپنر مشتاق احمد ، ٹیسٹ کپتان اظہر علی ، ٹیسٹ اوپنر عابد علی ، فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور ٹیسٹ کرکٹر محمد عباس بھی تقریب میں موجود تھے ۔