سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بھارتی فوج نے مزید8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے ۔کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے آٹھ نوجوانوں کو بارہ مولا،ریاسی اورکپواڑہ کے اضلاع میں سرچ آپریشنز کے دوران فائرنگ کر کے شہیدکیا۔بھارتی فورسزنے سرچ آپریشنز میں گن شپ ہیلی کاپٹرزکااستعمال بھی کیا۔ جھجر کوٹلی کے علاقہ میں بھارتی فورسز پر حملے سے متعلق پولیس کے دعویٰ کے بعدبھارتی فوج کی 22راشٹریہ رائفلز، سنٹرل ریزروپولیس فورس اور سپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروں نے دو نوجوانوں کوسوپور قصبہ کے علاقہ آرمپورہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیاجبکہ ایک نوجوان کو جموں کے علاقہ جھجر کوٹلی میں تلاشی کی ایک بڑی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کے افسر سمیت 8 فوجی بھی زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق حملہ کے بعد حملہ آور قریبی جنگل میں فرار ہو گئے تھے لہٰذا نگروٹہ جھجر کوٹلی میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی جاری ہے ۔ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 8کشمیریوں کی شہادت کے بعد مذکورہ تینوں اضلاع میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا۔قابض انتظامیہ نے انٹرنیٹ سروسز اور نگروٹہ جھجر کوٹلی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی اور تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے ہیں ۔دریں اثنا بھارتی پولیس نے ضلع ڈوڈہ میں مسلح جدوجہد میں شمولیت اختیا کرنیوالے بعض نوجوانوں کے سوشل میڈیا پر جاری پیغامات پر نا معلوم افراد کیخلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔