سری نگر(نیٹ نیوز،آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔کشمیر میڈیا کے مطابق ضلع بارہ مولہ میں بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران قابض فوج نے روایتی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولیاں مار کر ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا،قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی، بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بچوں کو ہراساں کیا جب کہ ایک گھر کو تباہ کردیا گیا۔دوسری جانب اہل علاقہ نے بھارتی فوج کی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ضلع کی مرکزی شاہراہ کو بند کردیا، احتجاجی مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے جس کا عالمی قوتیں نوٹس لیں۔ کشمیرمیڈیا سروس نے بتایا تھا کہ قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی اور آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے ، ایک ہفتے کے دوران ظالم فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کشمیریوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے ۔