لاہور/ملتان (نمائندہ خصوصی سے ،خبر نگار،کر ائم رپورٹر،سپیشل رپورٹر) لاہور، ملتان سمیت ملک بھرکے دیگر چھوٹے بڑے شہروں، دیہات ،گلی کوچوں میں شب برآت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مساجد کو خصوصی طور پر سجایا گیا جہاں شب بیداری اور روحانی محافل کااہتمام کیا گیا،مسلمانوں نے خالق کائنات کے حضور سجدہ ریز ہو کر توبہ و استغفار ،عالم اسلام اور وطن عزیز پاکستان کے استحکام امن وسلامتی،ترقی اور تحفظ حرمین شریفین، امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں کیں ،ہفتہ اور اتوار کی رات ضلع لاہور میں 3700سے زائد مساجد میں شب برآت کے روحانی اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ۔تاہم بادشاہی مسجد ، جامع مسجد حضرت داتا گنج بخش ؒ ، جامعہ نعیمیہ ، جامعہ غوثیہ ایوبیہ مارکیٹ ،جامعہ مسجد شاہ جمال ؒ، جامع مسجد شاہ کمال ؒ، منہاج القرآن،مسجد شہدائ، نمرہ مسجد،اورجامع مسجد تکیہ راجیاں والا میں فرزندان توحید امڈ آئے ۔شب برآت کے موقع پرشہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پرفاتحہ خوانی کیلئے بڑی تعداد میں قبرستانوں کا رخ کیا اور قبروں پرپھول چڑھائے ۔اچھوٹے بڑے شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی تھی۔ ملتان میں مساجد کے ساتھ ساتھ حضرت بہاؤالدین زکریا رحمتہ اﷲ علیہ اور حضرت شاہ رکن عالم رحمتہ اﷲ علیہ کے درباروں پر بھی شہریوں نے نوافل ادا کیے ، ذکرو اذکار کی محافل بھی منعقد کی گئیں۔دریں اثنا ء لاہور پولیس نے شبِ برآت کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے تھے ۔ شہر بھر میں سکیورٹی ڈیوٹی پر 5 ہزار اہلکارجبکہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر ایلیٹ فورس بھی تعینات کی گئی تھی۔