اسلام آباد (ذیشان جاوید) مہمند ڈیم کی تعمیرکی افتتاحی تقریب ایک مرتبہ پھر التوا کا شکار ہوگئی۔ وزیر اعظم سیکرٹریٹ، وزارت آبی وسائل اور واپڈا میں مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے تا حال اتفاق نہیں ہو سکا۔ واپڈا کے سینئر افسر نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایا کہ مہمند ڈیم کے افتتاح کے حوالے سے وزارت آبی وسائل 17 جنوری کے بعد تقریب پر غور کر رہی ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تک واپڈا کوآگاہ نہیں کیا گیا۔ حکومت کی اعلیٰ عدلیہ کو نظر انداز کیے جانے کی مثال اس وقت سامنے آئی جب ڈیم کی افتتاحی تقریب کیلئے اعلان کردہ پہلی تاریخ 2 جنوری کو اعلیٰ عدلیہ کو اعتماد میں لائے بغیر تبدیل کر کے 13 جنوری مقرر کر دیا گیا۔وزارت آبی وسائل کی جانب سے تاریخ میں تبدیلی کے اعلان میں وزیر اعظم سیکرٹریٹ اور واپڈا کو اعتماد میں لیا گیا تاہم اعلیٰ عدلیہ کو نظر انداز کر دیا گیا ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار رواں ماہ کی 17 تاریخ کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔ 17 جنوری کے بعد مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب میں جسٹس ثاقب نثار کی شرکت بطور چیف جسٹس کے بجائے عام شہری کے طور پرہو گی ۔ وزیر اعظم کے ترجمان افتخار درانی نے بتایا کہ مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب کیلئے نئی تاریخ پر غور کیا جا رہا ہے ، جب بھی افتتاحی تقریب ہوگی ، چیف جسٹس ثاقب نثار کو ضرور مدعو کیا جائیگا۔