نیویارک(این این آئی)موبائل انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈ سپیڈ میں جنوبی کوریا پہلے جبکہ 144ممالک کی فہرست میں پاکستا ن 116ویں نمبر پر ہے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں انٹرنیٹ سپیڈ کی میپنگ کرنے والے ادارے اوکلا نے دنیا میں موبائل اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ سپیڈ کی فہرست جاری کی ہے ۔جنوبی کوریا موبائل انٹرنیٹ کی فہرست میں 97.44 ایم بی پی ایس کی اوسط ڈائون لوڈ اسپیڈ کے ساتھ سرفہرست ہے ۔اس معاملے میں دوسرے نمبر پر آسٹریلیا ہے جہاں کی اوسط رفتار 63.34 ایم بی پی ایس ہے ۔اس کے بعد قطر 61.72 ایم بی پی ایس کے ساتھ تیسرے ، متحدہ عرب امارات 61.24 ایم بی پی ایس کے ساتھ چوتھے اور ناروے 60.90 ایم بی پی ایس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔پاکستان 144 ممالک کی اس فہرست میں 116 ویں نمبر پر ہے جہاں موبائل انٹرنیٹ ڈائون لوڈنگ کی اوسط رفتار 13.55 ایم بی پی ایس ہے ۔پاکستان اس معاملے میں الجزائر، انڈونیشیا، بنگلہ دیش اور بھارت سے آگے ہے بلکہ بھارت اس فہرست میں 130 ویں نمبر پر ہے ۔رپورٹ کے مطابق 2 برس میں دنیا بھر میں موبائل انٹرنیٹ سپیڈ 21.4 فیصد سے بڑھ کر 22.81 سے 27.69 ایم بی پی ایس تک بڑھ گئی۔تاہم 177 ممالک کی فہرست میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ سپیڈ میں سنگاپور 191.93 ایم بی پی ایس کے ساتھ سرفہرست ہے ،جنوبی کوریا 156.18 ایم بی پی ایس کے ساتھ دوسرے نمبر، پاکستان 156 ویں نمبر جبکہ بھارت 70 ویں نمبر پر ہے ۔