ملتان (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے ، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف گیلانی نے کہا کشمیر میں لوگوں کا راشن بند ہوچکا ،جن ممالک نے کشمیر کے ایشو پر سپورٹ کیا، ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، مودی سرکار کے اقدامات غیر آئینی، غیر جمہوری ہیں ، بھارت کے رہنے والے بھی مودی سرکار کی مذمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا احتساب سب کا ہونا چاہئے مگر اس میں انتقام کی بو نہیں آنی چاہئے ، چھٹی والے دن فریال تالپور کو جیل بھیجنا مناسب نہیں تھا، جنوبی پنجاب صوبہ بنے گا یا نہیں، اس بات کا جواب وہی دے سکتے ہیں جنہوں نے صوبہ بنانے کا وعدہ کیا ہے ۔