لاہور(کلچرل رپورٹر) پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کی امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ۔ تمغہ امتیاز حاصل کرنیوالی پاکستان کی کامیاب ترین اداکارہ مہوش حیات ان دنوں فیملی کے ہمراہ امریکہ میں چھٹیاں گزار رہی ہیں اوروہ نیویارک میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن دیکھنے بھی گئیں جہاں انکی ملاقات بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونس سے ہوگئی۔مہوش حیات نے امریکی گلوکار نک جونس کے ہمراہ تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ڈالتے ہوئے کہا کہ یو ایس اوپن مینز سیمی فائنل کے دوران نک جونس اور میری ایک بات مشترک تھی کہ ہم دونوں ہی رافیل نڈال کو سپورٹ کررہے تھے ۔ مہوش حیات وقتاً فوقتاً مودی حکومت اور بالی ووڈ کو مختلف طریقوں سے تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کی حالیہ کشیدگی کے دوران یونیسف کی امن کی سفیر ہونے کے باوجود جنگ کو سپورٹ کرنے پر مہوش حیات نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔