اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ایک سال بعد دھاندلی کا واویلا عوام کو گمراہ اور جمہوری نظام کو کمزور کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا مولانا ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑیں، 1973ء کے آئین کے تناظر میں جمہوریت اور آئینی اصولوں کی پاسداری کریں۔ مذاکرات جمہوری عمل کا نام ہے جس کے آپ خود داعی رہے ہیں۔ مذاکرات کو بے معنی قرار دے کر اپنے ذہن کی کھڑکیوں کوکیوں بند رکھنا چاہتے ۔ وہم کا علاج لقمان حکیم کے پاس بھی نہیں تھا۔ مولانا صاحب! انتخابات میں اگر دھاندلی ہوئی تھی تو آپ نے صدر کا الیکشن کیوں لڑا تھا؟ آپ کے صاحبزادے نے ایم این اے کا حلف کیوں اٹھایا تھا ؟ایک اور ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت کی جانب سے 6 ارب روپے فوری طور پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو فراہم کئے جائیں گے ۔ اس رقم سے آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم نے بار ہا واضح کیا ہے کہ سیاست اپنی جگہ، انسانی ہمدردی اپنی جگہ ہے ،نوازشریف کی صحت کے حوالے سے سیاست نہیں کی جائے ۔ نواز شریف کو عدالت نے طبی بنیاد پر ضمانت دی۔وزارت داخلہ کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست ملی ہے ۔نوازشریف کے کیس میں نیب مدعی ہے ،اسلئے متعلقہ حکام کی رائے لی گئی ہے ۔سرکاری میڈیکل بورڈ سے بھی نواز شریف کی صحت سے متعلق رائے طلب کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانا وزیراعظم کا وژن ہے ۔ربیع الاول حضور پاک ﷺکی ولادت کا مبارک مہینہ ہے ۔فن پاروں کی نمائش پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔فن پاروں میں والی دو جہاں ﷺسے والہانہ محبت کا اظہار کیا گیا ہے ،پاکستان کے اندر باصلاحیت فنکاروں کی کمی نہیں ہے ۔