لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں اداروں کی کرکٹ اور کھلاڑیوں بارے آج کوئی حتمی فیصلہ سامنے آنے کا امکان، اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ کے اہم معاملات پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور تین سابق اور ایک موجودہ کپتان وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کریں گے ۔ان میں وسیم اکرم، مصباح الحق، محمد حفیظ اور اظہر علی شامل ہیں۔وزیراعظم عمران خان پی سی بی کے پیٹرن انچیف بھی ہیں ان سے ملاقات کیلئے سابق کپتان محمد حفیظ نے خصوصی درخواست کی تھی۔محمد حفیظ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں اداروں کی ٹیموں اور کھلاریوں کا معاملہ اٹھائیں گے۔ دوسری جانب سابق کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی اداروں کی کرکٹ کے حق میں ہیں اور گزشتہ ہفتہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اداروں کی ٹیمیں بحال کرنے بارے چیئرمین پی سی بی سے بھی بات کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ محمد حفیظ ، اظہر علی اور ہیڈ کوچ چیف سلیکٹر مصباح الحق اب بھی سوئی ناردن گیس کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ وسیم اکرم بھی پی آئی اے کے ساتھ ہیں۔پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی بھی ابتدائی طور پر صوبائی اورادارون کی ٹیموں کو اکٹھا رکھنے کے حامی تھے مگر وزیر اعظم کی ہدایت پر اداروں کی کرکٹ ختم کرتے ہوئے چھ صوبائی ٹیمیں بنائی گئی تھیں۔