لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان میڈیکل کمیشن کے قیام کا آرڈیننس بلاضرورت، بلاجواز، غیرقانونی اور ملک کے طبی اداروں کو برباد کرنیکی سازش ہے ،حکومتی آئن سٹائن، وزیراعظم کے کزن اور اُن کے نو رتن اداروں کے ساتھ جو کھلواڑ کھیل رہے ہیں وہ ناقابل قبول ہے اور پی ایم اے اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے ،پی ایم ڈی سی کی تحلیل اور طریقہ کار ناقابل قبول ہے ۔ ان خیالات کا اظہارپی ایم اے ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر ملک شاہد شوکت جنرل سیکرٹری پی ایم اے لاہور، ڈاکٹر اظہار احمد ،پروفیسر ڈاکٹر تنویر انور، ڈاکٹر علیم نواز، ڈاکٹرارم شہزادی، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر بشریٰ حق،ڈاکٹر احمد نعیم، سلمان کاظمی، ڈاکٹر رانا سہیل، ڈاکٹر طلحہ شیروانی اور ڈاکٹر عمران شاہ نے شرکت کی۔