لاہور،ملتان(کلچرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر )معروف اداکار ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں تیار ہونے والا سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’’ میرے پاس تم ہو‘‘ شوبز کی دنیا میں تمام ریکارڈ توڑنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا ۔لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں کے سینما گھروں میں پہلی مرتبہ کسی ڈرامے کو اتنی بڑی مقبولیت حاصل ہوئی ۔شائقین کا ڈرامہ دیکھنے کے لئے کھڑکی توڑ رش، کراچی میں اداکارہ ہمایوں سعید، عائزہ خان ، عدنان صدیقی سمیت دیگر سینما گھر میں آخری قسط دیکھی جبکہ لاہور میں ڈرامے کے رائٹر خلیل ارحمان قمر نے نجی سینما میں اپنے پرستاروں کے ساتھ ڈرامے کی آخری قسط کو دیکھا۔ ڈرامے کی سکرینگ اور آخری سین کے موقع پر سینما گھروں میں اکثر حاضرین کی جذباتی کیفت بہت سے ڈرامے کے دوران روتے نظر آئے ۔ رائٹر خلیل ارحمان قمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مرد کی محبت کے جذبات پیار کی انتہا دکھانے کی کوشش کی ہے اس ڈرامے میں عورتوں کی کردار کشی نہیں کی گئی ۔ دوسری طرف ڈرامہ کی آخری قسط ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی ناظرین کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ہفتے کی شب لوگوں کی بڑی تعدادنے ٹی وی پر یہ ڈرامہ دیکھا اوراس کے بعد سے ملتان میں بھی یہ ڈرامہ گفتگو کا موضوع بنا ہوا ہے ۔