میکسیکو سٹی (نیٹ نیوز) جنوبی میکسیکو کے قصبہ سینتاریتا میں میئر کو وعدوں کے مطابق کام نہ کرنے پر شہریوں نے دفتر سے زبردستی باہر نکالا اور گاڑی کے پیچھے باندھ کر سڑکوں پر گھسیٹا۔ پولیس نے واقعہ میں ملوث 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔ واقعہ کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ میئر جارج لوئس کو گھسیٹ کر دفتر سے باہر نکال رہے ہیں اور انہیں گاڑی سے باندھ کر گھمایا جا رہا ہے ۔پولیس نے مداخلت کر کے میئر کو چھڑایا، اس دوران تصادم میں متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے ۔علاقے میں اضافی سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میئر نے انتخابی مہم کے دوران سڑکیں بنانے اور دیگر کام کرنے کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہیں کیا۔میئر نے کہا کہ وہ اغوا اور قتل کی کوشش پر مقدمہ دائر کرینگے ۔