لاہور (سٹاف رپو رٹر )ملک بھر میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں عیدالاضحی ٰکل بروز( پیر )مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی ،تمام شہروں ، قصبوں اور دیہاتوں کی مساجد ، عیدگاہوں اورکھلے مقامات میں عید کی نماز کے اجتماعات ہوں گے ،اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی ، امت مسلمہ کے اتحاد ،کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ، نما ز کی ادائیگی کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کے جانور ذبح کریں گے ۔ پولیس کی طرف سے عید الاضحیٰ کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ، حساس مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف میں پارکنگ ممنوعہ ہو گی جبکہ نمازیوں کو جامع تلاشی کے بعد مساجد کے اندر داخلے کی اجازت ہو گی، پولیس افسران نماز عید کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پٹرولنگ کرینگے ۔