لاہور (خصوصی نمائندہ،صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں شامل قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کرا کر اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے ۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار قبائلی لوگوں کو ان کاجمہوری حق ملا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام نے اپنا جمہوری حق استعمال کر کے تاریخ رقم کی ۔قبائلی اضلاع میں عام انتخابات کاانعقاد امن کی جیت ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے گورنر امان اﷲ خان یاسین زئی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں، امن وامان کی صورتحال اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کوئٹہ میں جذبہ خیرسگالی کے تحت کارڈیک ہسپتال قائم کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے فنڈز بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔بلوچستان کے گورنر نے وزیراعلیٰ کی کوئٹہ آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب اور بلوچستان ترقی و خوشحالی کے سفر میں سا تھ ساتھ چلیں گے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار بلوچستان کے صوبائی وزیرصحت نصیب اﷲ مری کی رہائش گاہ پر گئے ، وزیراعلیٰ نے نصیب اﷲ مری سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر دکھ او رافسوس کااظہار کیا۔قبل ازیں نارووال سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے رہنماؤں امجد خان کاکڑ او رنعیم اﷲ خان کاکڑ نے ملاقات کی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ڈیرہ اسماعیل خان میں کوٹلہ سیدان چیک پوسٹ پر فائرنگ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔