اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍ نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سابق آرمی چیف و اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اِن چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے دہشتگردی کے خلاف بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر نے بتایا ملاقات میں علاقائی امن واستحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں آرمی چیف سے جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی امن پر بات چیت ہوئی۔جرمن سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے ،بہترسکیورٹی کے اقتصادی سرگرمیو ں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔دریں اثناء جنرل(ر) راحیل شریف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات سے بھی ملاقات کی۔آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اوردہشتگردی کیخلاف کوششوں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔