مہمند(نمائندہ92نیوز،92 نیوزرپورٹ) مہمند میں واٹر ٹینکی گرنے سے 7 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ گزشتہ روز بچے ٹینکی کے قریب کھیل رہے تھے کہ اچانک پانی سے بھری ٹینکی ان پر آ گری جس سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ تحصیل امبار کے علاقہ گمبتے میں چچازاد بچے ٹینکی کے قریب کھیل رہے تھے کہ اچانک سیمنٹ بلاک سے بنی واٹر ٹینکی زیادہ پانی سے اچانک گر گئی۔جس کے تلے آکر 12سالہ ریحان ولد قمندان ،6سالہ عماداللہ ولد قمندان،8سالہ فرمان ولد فارس ،8سالہ نفیسہ دختر حکیم ،6سالہ وجیہ ولد حکیم ،4سالہ مروہ دختر حکیم اور5سالہ منیبہ دختر گلبدین موقع پر جاں بحق جبکہ فہد ولد قمندان زخمی ہوا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نے فوری طور جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کی اور جاں بحق اور زخمی بچے کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا، سانحہ سے بعد علاقہ کی فضا سوگوار رہی۔