کراچی ( کامرس رپورٹر )ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ سے نان بینکنگ ٹرانزیکشنز کی مد میں ود ہولڈنگ ٹیکس کی وصولیوں میں 14فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔ لارج ٹیکس پیئر یونٹ کراچی کے حکام نے کہا کہ رواں مالی سال 2018۔19 میں جولائی تا ستمبر 2018 کے دوران ودہولڈنگ ٹیکس وصولیاں 2.21ارب تک ہوئی ہیں جو گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2017 کے دوران 2.56ارب روپے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد اور ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافہ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 1.66ملین تک بڑھ چکی ہے ۔