BN

نیب نے 10 ارب 66 کروڑ کی زمین سٹیل ملز کو واپس دلا دی

بدھ 09 اکتوبر 2019ء





لاہور،اسلام آباد،کراچی (رپورٹنگ ٹیم،92نیوز رپورٹ،نیوزایجنسیاں)جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے بڑی کامیابی حاصل کرلی اور10 ارب 66 کروڑ روپے کی زمین پاکستان سٹیل ملز کو واپس دلا دی جبکہ چیئرمین نیب نے کاٹن فیکٹری پر جعلی نیب چھاپے کا نوٹس لے لیا جس پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے سات ملزموں حماد شاہد، عبدالغنی، طارق بیگ، محمد اقبال، محمد توصیف، عامر اور سراج شاہد سے بذریعہ پلی بارگین ریکور کی گئی زمین سٹیل ملز کو واپس کرائی جبکہ ریکارڈ احتساب عدالت میں جمع کرا دیا۔ملزم عبدالغنی نے 37ایکڑ، حامد شاہدنے 34 ایکڑ،طارق بیگ نے 33 اورمحمد اقبال نے 32 ایکڑ زمین واپس کی۔ملزم عامر نے اور40 سراج شاہد نے 50 ایکڑ زمین واپس کی۔ نیب کے مطابق زمینوں کی الاٹمنٹ کے کیس میں ایک ملزم نے 42 کروڑ روپے نقد بھی واپس کئے ، اس کو وعدہ معاف گواہ بھی بنایا گیا ۔علاوہ ازیں چیئرمین نیب نے ایس ایس ڈی کاٹن فیکٹری صالح پٹ پر جعلی نیب چھاپے کی میڈیا پر چلنے والی خبروں کہ جعلی افسروں نے فیکٹری انتظامیہ کوہراساں کرتے ہوئے پیسے ، مہنگے سیل فونز اور ریکارڈ طلب کیا کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب سکھر کو اس سلسلے میں فوری اور سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی جس کے تحت ایف آئی آر درج کر کے گائوں جنوجی کے رہائشی ملزم ثناء اللہ ملک کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔کراچی میں نیب نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور مشیر برائے جیل خانہ جات سندھ اعجازجکھرانی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ذرائع کے مطابق نیب سکھرکی ٹیم نے کراچی ڈیفنس میں واقع اعجاز جکھرانی کے بنگلے سے اہم دستاویزات قبضہ میں لے لی ہیں۔ ادھرن لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز اور انکے کزن یوسف عباس کو آج احتساب عدالت لاہورمیں پیش کیا جائیگا ۔ن لیگ کی جانب سے اراکین اسمبلی ، عہدیداروں اور کارکنوں کو اظہار یکجہتی کیلئے سول سیکرٹریٹ چوک میں پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں نیب لاہور کی جانب سے حال ہی میں گرفتار کئے گئے سابق بیوروکریٹ سلمان غنی کے سرکاری نوکری کے دوران بنائے گئے کروڑوں کے مبینہ اثاثہ جات کی تفصیلات منظر عام پر آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پلاننگ ڈویلپمنٹ ملزم سلیمان غنی کو چنیوٹ معدنی ذخائر کیس کی جاری انکوائری میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔سلمان غنی کے اثاثہ جات کی موصول تفصیلات کے مطابق لاہور میں انکے 3 مکانات، کینٹ لاہور میں 20 کنال کا پلاٹ اور مکان ، ڈفینس فیز8 میں پلاٹ بشمول 30 کنال پر مشتمل زیر تعمیر مکان، ڈفینس فیز5 میں 10 کنال پر مشتمل پلاٹ، جرمنی کے شہر برسلز میں بیٹی کیلئے خریدا گیا مکان،دوسری بیٹی کیلئے لندن میں اپارٹمنٹ،جبکہ لاہور میں ہی اپنی ایک اور بیٹی کے نام 4 کنال کا اپارٹمنٹ پایا گیا ہے ۔ چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر کے ٹھیکے کے معاملہ پرنیب نے منصوبہ سے متعلقہ تمام افسروں کو ریکارڈ سمیت آج طلب کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق نیب نے سلمان غنی کی جانب سے بطور چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ منظور کئے گئے منصوبوں کی مصدقہ نقول مانگ لی ہیں اور پی اینڈ ڈی کو متعلقہ ریکارڈز میں سمریز فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔ نیب نے نجی کمپنی ارتھ ریسورسز کے جوائنٹ وینچر معاہدہ کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ دریں اثنانیب نے باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کو ایک اور کیس میں گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ لیاقت قائم خانی کیخلاف نیب کے ہاتھ قیمتی گاڑیاں، درجنوں پلاٹس سے متعلق مزید اہم ثبوت لگ گئے اور انہیں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں بھی گرفتار کیا جائیگا۔ نیب لاہور نے سابق ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد چیمہ کیخلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمنی ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرمین نیب سے منظوری کے بعد ضمنی ریفرنس عدالت میں بھیجا جائیگا۔ ریفرنس بھیجنے کی وجہ احد چیمہ کے ملکیتی مزید اثاثے منظر عام پر آنا بتائی گئی ہے ، اس سلسلہ میں نیب نے مزید شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیرنے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے آٹھ سال سے پابند سلاسل سابق مشیر میاں خرم رسول کیخلاف سکریپ ریفرنس میں دلائل مکمل ہونے پر سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی اکاؤنٹس کیس اور پارک لین کیس میں گرفتار ملزم جاوید حسین کے جسمانی ریمانڈ میں 15اکتوبر تک توسیع کر دی جبکہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملزم ڈاکٹر ڈنشا کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔رابی سنٹر سکینڈل کیس میں احتساب عدالت لاہور نے 2 ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں عبدالرشید وغیرہ نے رابی سنٹر میں دکانیں فروخت کیں اور عوام سے کروڑوں روپے کمائے مگر ان کو دکانوں کا قبضہ نہیں دیا۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں