لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوزایجنسیاں )پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنا تہواردیوالی (دیپ مالا) روایتی انداز اور جوش و خروش سے منایا جبکہ پاکستان میں دیوالی کی تقریبات کیلئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام فنکشنل مندروں کو لاکھوں روپے کی گرانٹ دی گئی اورخصوصی طور پر چراغاں کیا گیا ۔گزشتہ روز پنجاب میں دیوالی کی مرکزی تقریب کرشنا مندر راوی روڈ لاہور میں ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ محمد طارق وزیر ،ڈپٹی سیکرٹری شیرائنزعمران گوندل ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیدفراز عباس ،ترجمان عامر حسین ہاشمی ،ہندو رہنماء ڈاکٹر منور چاند اور انکی اہلیہ سمیت دیگر اقلیتی و مسلم رہنمائوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔دیوالی کی مناسبت سے کرشنا مندر پر خوبصورت چراغاں کیا گیا ۔ تقریب میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان کی جانب سے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی گئی۔ پجاری کاشی رام نے خصوصی پوجا کرائی، ہندو مذہب کے سب سے زیادہ پوجے جانے والے بھگوان رام، ان کے بھائی لکشمن اور بیوی سیتا کی مورتیوں کی آرتی اتاری گئی ۔ ہندو مرد و خواتین نے بجھن گائے اور دیوالی کی مناسب سے دیے روشن کئے ،اس موقع پر دیوالی کیک بھی کاٹا گیا۔جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے شرکاء میں خصوصی تحائف تقسیم کئے گئے ۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں آزاد ہیں اور انہیں مکمل مذہبی آزادی ہے ۔وفاقی حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبو د کیلئے خصوصی احکامات دے رکھے ہیں ۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان، سپیکر قوی اسمبلی اسد قیصر ،ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری، صدر ن لیگ و اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری اور دیگر نے دیوالی کے موقع پر ہندو ارکان پارلیمنٹ اور ملک کی ہندو برادری کو مبارکباد دی۔وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ ہماری ہندو برادری کو دیوالی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ ملکی خوشحالی اور ترقی میں ہندو برادری کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہاکہ ہندو برادری نے ہمیشہ ملکی مفاد کو سامنے رکھا ہے ۔موجودہ حکومت اقلیتوں کے تمام مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہندو برادری کے افراد پاکستان میں برابر کے شہری ہیں۔دین اسلام کے اصولوں کی روشنی میں آئین میں غیرمسلموں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے ۔ غیرمسلموں نے پاکستان کے قیام، دفاع، تعمیر اور ترقی میں خدمات انجام دی ہیں۔فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا کہ دیوالی برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے اور یہ جدوجہد جاری ہے ۔ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں پارٹی غیرمسلم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرتی رہیگی۔