لندن،اسلام آباد(غلام حسین اعوان،سٹاف رپو رٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، ایجنسیاں) سکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں لندن میں گرفتار کرلیا وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ برطانوی شہری سے ہمارا کیا تعلق ان کے اداروں کو تفتیش کرنے دیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ کے 15 اہلکاروں نے صبح سویرے بانی ایم کیو ایم کے گھر پر چھاپہ مارا جس کے بعد انہیں مقامی پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا،میٹرو پولیٹن پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ60 سالہ شخص کو شمال مغربی لندن میں سنگین جرائم ایکٹ 2007 کی دفعہ 44 کے تحت دانستہ طور پر اکسانے یا جرائم میں معاونت فراہم کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا اور تعلق پاکستان سے ہے ،بیان کے مطابق انہیں پولیس اینڈ کریمنل ایویڈنس ایکٹ کے تحت حراست میں لے کر جنوبی لندن کے پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا ،تحقیقات کے سلسلے میں افسران نے اور تفتیش کاروں نے شمال مغربی لندن میں ایک علیحدہ کمرشل پتہ کی بھی تلاشی لی۔میٹرو پولیٹن پولیس کے بیان کے مطابق انسداد دہشت گردی کمانڈ سے تعلق رکھنے والے افسران نے تفتیش کی توجہ ایم کیو ایم سے منسلک شخص کی جانب سے اگست 2016 میں پاکستان میں کی گئی تقریر پر مرکوز کی ، پوری تحقیقات کے دوران لندن پولیس کے افسران پاکستانی حکام سے رابطے میں رہے اور تحقیقات جاری رکھیں ۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق الطاف حسین پر ڈاکٹر عمران فاروق کے لندن میں قتل کے حوالے سے بھی الزامات لگتے رہے ہیں ،برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف الزامات کی تحقیقات میں انہیں پاکستانی حکومت کا تعاون بھی حاصل ہے ۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ الطاف حسین کو برطانوی اداروں نے گرفتار کیا ہے ، انہیں خود تفتیش کرنے دیں، ہمارا اس سے کیا تعلق، وہ برطانوی شہری ہیں، کس نے کہا پاکستانی ہیں،انہوں نے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ الطاف حسین سے متعلق مزید معلومات کے لیے سکاٹ لینڈ یارڈ سے رابطہ کریں،الطاف کی حوالگی کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق الطاف کی گرفتاری کے معاملے پر پاکستان نے تفتیش کے لیے اپنی ٹیم لندن بھجوانے کا فیصلہ کر لیا، ڈائریکٹر انسداد دہشت گردی ونگ مظہر الحق ٹیم کی سربراہی کریں گے ۔