لاہور(جنرل رپورٹر ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نمونیہ عام نہیں بلکہ جان لیوا بیماری ہے جس سے دنیا بھر میں ہر سال ہزاروں بچے موت کا شکارہوجاتے ہیں۔ نمونیہ سے بچاؤکے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس خطرناک بیماری کی زیادہ تر وجہ والدین میں آگاہی نہ ہونا ہے ۔ ماں اور بچے میں غذائی قلت اور قوت مدافعت میں کمی زچہ بچہ میں مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہیں اور انہی وجوہات کی بدولت بچوں کی بڑی تعداد پیدائش کے فوراً بعد جاں بحق ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں12نومبر کو نمونیہ سے بچاؤ کاعالمی دن منایا جاتا ہے ہمیں اس دن اپنے بچوں کو اس بیماری سے بچاؤ کے لئے عملی اقدامات کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں چھوٹے بچوں کے حوالے سے والدین کی لاپرواہی بچوں کو نمونیہ سمیت مختلف بیماریوں کا شکار کر سکتی ہے ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سردیوں میں بچوں میں نمونیہ کے خطرات بڑھ جاتے ہیں ۔ تیز بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشورای، پسلی کا چلنا اور سانس لیتے وقت سیٹی کی آواز آنا نمونیہ کی ممکنہ علامات ہیں۔ لہذا بچوں کو سردی سے بچاؤکے لئے گرم کپڑے ، ٹوپی اور دستانیں پہنائیں اور بچوں کو نمونیہ سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔