ننکانہ ،شاہ کوٹ،اوکاڑہ،حبیب آباد (نمائندگان 92 نیوز)غربت نے میاں،بیوی اور تین بیٹیوں کی جان لے لی جبکہ خودکشی کے دیگر واقعات میں 2افراد چل بسے ۔ بتایا گیا ہے کہ ننکانہ صاحب کے نواحی علاقہ منڈی فیض آباد کے علاقہ سلیم پور کے رہائشی شخص فیاض احمد نے کرایہ پر موٹر سائیکل لی اور اپنی بیوی سلیم بی بی تین بیٹیوں رابعہ ، مسکان اور انم کے ہمراہ نہر میں کود گیاوقوعہ کی اطلاع پاکر پولیس اور ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے فیاض کی موٹر سائیکل نہر کنارے مل گئی مگر آخری اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والے افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا ۔ اوکاڑہ چک 54/2Lاوکاڑہ میں مرزا نوید ولد ادریس نے گھریلو جھگڑے کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندہ ڈال کر خود کشی کرلی ۔ حبیب آباد پتوکی آدھن روڈ پر بھٹہ کے قریب پی ایس او پٹرول پمپ کے مالک محمد سلیم نے گھریلو ناچاقی پر پٹرول پمپ کے دفتر واقع واں آدھن روڈ پر اپنے دفتر میں خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے خودکشی کرنے والے پٹرول پمپ کے مالک محمد سلیم کی نعش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پتوکی منتقل کر دیا۔