اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ ) اسلام آباد کا دورہ کیا اور بین الاقوامی سطح کی رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر تعریف کی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق نسٹ یونیورسٹی کے دورہ کے دوران آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نسٹ یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے ۔ نسٹ یونیورسٹی کوئٹہ کیمپس کے قیام کے بعد تمام صوبوں میں نسٹ یونیورسٹی کے کیمپس قائم کئے جائینگے ۔ نسٹ یونیورسٹی اعلیٰ معیار کے حامل انجینئرز تیار کر نے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ بہتری کے لئے کوشاں رہیں اور اپنے آپ سے پوچھیں کہ وہ اپنے ملک کے لئے کیا کرسکتے ہیں جبکہ آرمی چیف سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔برطانوی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے کام جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پردونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔