اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ حسن علی نے جس طرح کم بیک کیا ہے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔آسٹریلیا میں قرنطینہ کے دوران فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حسن علی میچ ونر اور حیران کر دینے والا کرکٹر ہے ، بولنگ ہو، بیٹنگ یا فیلڈنگ، 100 فیصد جان مارنے کے لیے تیار رہتا ہے ۔بولنگ کوچ نے کہا کہ حسن علی نے جس طرح کم بیک کیا ہے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ، حسن علی کا شاندار کم بیک کرنا ان کے ہمت نہ ہارنے والے رویے کا نتیجہ ہے ۔وقار یونس نے کہا کہ حسن علی ذہنی طور پر بہت مضبوط ہے ، وہ ایک شاندار کرکٹر ہے ، میں ہمیشہ حسن علی کے ساتھ اپنی مثال دیتا ہوں، مجھے بھی کیرئیر میں کمر کی تکلیف رہی، لوگوں نے مجھے بہت مایوس کر دیا تھا، لیکن ہمت نہیں ہاری، حسن علی کی طرح مجھے بھی لوگوں نے کہا کہ میرا کیرئیر آگے نہیں بڑھے گا لیکن رویہ اگر ہمت نہ ہارنے والا ہو تو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا اور کامیابی ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حسن علی کو جب بھی بال دو مایوس نہیں کرتا، اس نے مجھے بہت متاثر کیا ہے ۔وقار یونس آسٹریلیا میں اہلیہ کی سرجری کی وجہ سے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے دستیاب نہیں تھے ، وہ ان دنوں سڈنی میں اپنے گھر جانے سے قبل 14 روز کا سخت قرنطینہ مکمل کر رہے ہیں جس کے ابھی 7 روز باقی ہیں۔