لاہور (خصوصی رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے عیدالاضحیٰ پر بھی فراخ دلی کی روایت برقرار رکھی۔عید قربان پر نیب لاہور میں تمام زیرحراست ملزموں کیلئے باجماعت نماز عید کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا جبکہ عید کے پرمسرت موقع پر نیب لاہور کے دروازے تمام زیرحراست ملزموں کے اہلخانہ کیلئے کھول دیئے گئے ۔ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے ذاتی طور پر تمام اسیران کیلئے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ انکی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زیرحراست ملزموں کو عید کے تینوں ایام میں مختلف سہولیات فراہم کی گئیں۔نیب لاہورسب جیل میں موجود مریم نواز کی بھی دیگر ملزموں کی طرح اہلخانہ کیساتھ ملاقات اور تواضع کرائی گئی۔ زیرحراست ملزموں اور انکے اہلخانہ نے نیب لاہور کی جانب سے فراہم کردہ موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور عید کے پر مسرت لمحات آپس میں اکٹھے گزارے ۔ تمام زیر حراست ملزموں اور انکے اہلخانہ نے نیب لاہور کی فراخ دلانہ کاوش کو بھرپور سراہا۔علاوہ ازیں یوم آزادی کے پروقار موقع پر نیب لاہور بھی عوام کیساتھ خوشیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہے ۔ ڈی جی نیب لاہور کے احکامات کے مطابق نیب لاہور کو جشن آزادی پر برقی قمقموں سے دلکش انداز میں سجایا گیا ہے ۔ڈی جی نیب نے اس موقع پر کہا کہ 73ویں یوم آزادی کو شایان شان انداز میں منا رہے ہیں جو ارض پاک سے اظہار محبت کا تقاضا ہے ۔ہم ملکی ترقی کیلئے شب و روز کوشاں ہیں۔ بدعنوانی سے پاک ملک ہی عوام کی فلاح کا ضامن ہے ۔