پشاور (سٹاف رپورٹر)پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیتے ہو ئے کہا ہے کہ نیب میڈیا کی حد تک بڑا فعال نظر آرہا ہے باقی کچھ نہیں کررہا،پشاور ہائی کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، جسٹس قیصر رشید نے ڈی جی نیب کے پی کے فرمان اﷲ جان سے استفسار کیا کہ نیب پراسیکیوٹر زکی کمی کیوں ہے ؟ ہائیکورٹ میں صرف 2 پراسیکیوٹر ہیں،ڈی جی نیب خیبر پختونخوا نے فاضل عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے منظوری دی ہے جلد پراسیکیوٹر تعینات کریں گے ، جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین نیب کو پیغام پہنچائیں کہ میرٹ پر قابل لوگوں کو بھرتی کریں۔ادھرپشاور ہا ئیکورٹ نے یومیہ 24ہزاربیرل تیل چوری کے الزام والی غیرملکی کمپنی کے خلاف تحقیقات بند کرنے پر صوبائی حکومت ، اوگرا کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے سے مکمل رپورٹ طلب کر لی ،دوران سماعت جسٹس قیصررشید نے اظہار برہمی کرتے ہو ئے ریمارکس دئیے کہ ہم ملک میں دوسری ایسٹ انڈیا کمپنی بننے نہیں دیں گے