لاہور (نامہ نگار خصوصی) عدالت نے ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور ڈریپ سمیت دیگر سے کل جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مریضوں کی زندگی کا تحفظ کیا جانا ان کا آئینی حق ہے ، بتایا جائے حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں؟، جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ادویات کی قیمتوں میں 262فیصد اضافہ کر دیا گیا، پہلے ہی جان بچانے والی اور دیگر ادویات عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔ کورونا لاک ڈائون اور معاشی حالات کی وجہ سے عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہے ۔ عدالت ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے ۔