لاہور(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پارٹی کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) پر سب سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،ہم قائداعظم کے سپاہی ہیں، آزمائش کی اس گھڑی میں بھی ہم کامیاب ہوں گے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے باہمی مشاورت، غوروخوض، مختلف ماہرین کی تجاویز اور اپنے تجربے کی روشنی میں ایک جامع قومی حکمت عملی مرتب کی تاکہ اس وقت قوم کو جس خطرناک اور مخدوش صورتحال کا سامنا ہے ، اس میں واضح راہ عمل متعین ہوسکے ،ہم نے کرونا اور معیشت سے ہونے والی تباہی کے سونامی کے آگے بند باندھنے کے لئے ایک ٹھوس، قابل عمل اور جامع نیشنل ایکشن پلان دے دیا ہے ، اس قومی حکمت عملی میں فنانشل ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیاگیا ہے ، لاک ڈائون کی صورت میں عوام کو خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچانے کے لئے پروگرام مرتب کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ اپنے حلقوں اور علاقوں میں نشاندہی کریں کہ کہاں صورتحال کیا ہے ؟ عوام کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، متاثرین کی صورتحال کیا ہے ؟ تاکہ ہمارے پاس اس ضمن میں ایک ڈیٹا بینک بھی مرتب ہوتا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمارے معزز ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، ارکان سینٹ، لوکل گورنمنٹ کے نمائندے اور دیگر تنظیمی عہدیداران، ہمارے کارکنان فلاحی اور امدادی سرگرمیاں تیز کریں،موجودہ حالات کی سنگینی اور قوم کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے پر سیاست کو گناہ سمجھتے ہیں، ہم نے اپوزیشن کے طورپر فیصلہ کیا ہے کہ قوم کی زندگی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ، سیاسی مفادات سے قطع نظر اس وقت ایک قومی کردار ادا کیا جائے ،ہم حکومت کو ان تمام اقدامات پر مجبور کریں جو اس وقت قوم اور ملک کی بقاوسلامتی کے لئے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا اپوزیشن کی تمام جماعتوں کی قیادت سے گزشتہ روزجو مشاورت ہوئی، اس میں مسلم لیگ (ن) کی تیار کردہ قومی حکمت عملی کی مکمل تائید کرتے ہوئے اسے منظور کرلیاگیا،قومی حکمت عملی اب پوری اپوزیشن کی حکمت عملی ہے جسے ہم حکومت کو پیش کررہے ہیں کہ اس پر فی الفور عمل کیاجائے ۔انہوں نے مشاورت میں شامل ہونے پرپارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے قائد محمد نوازشریف کا دل کا انتہائی اہم اور حساس آپریشن ہونا ہے ،تیاریاں مکمل ہیں اور آئندہ ہفتے آپریشن متوقع ہے ، نوازشریف کا آپ کے نام یہ بھی پیغام ہے کہ مسلم لیگ(ن)کی قیادت، رہنما اور کارکنان مل کر ایک تاریخی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم مکمل قومی اتحاد، یک جہتی، اخوت اور بھائی چارے کے عظیم جذبے پر کاربند ہوں، سیاسی نقصان ہوتا ہے تو ہوجائے لیکن ہم نے اپنے اصل ہدف پر نظر رکھنی ہے ۔