لاہور(اشرف مجید)مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے تاجر رہنمائوں کی جانب سے ہڑتال کو کامیاب کرنے کیلئے ہڑتال مخالف تاجروں کو شمالی علاقہ جات کی سیر کی آفر کرتے ہوئے انکی باقاعدہ بکنگ بھی کرا دی ہے جس کے اخراجات لیگی تاجر اٹھائینگے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت 13جولائی کی ہڑتال کو کامیاب کرانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، گزشتہ روز بھی تاجر تنظیموں کے سرکردہ مسلم لیگی تاجروں کو فون پر ایسے تمام تاجر جو کہ ہڑتال کی مخالفت کر رہے ہیں کو شمالی علاقہ جات میں سیرو تفریح کرانے کی ہدایت جاری کی گئیں جبکہ تاجروں کی بڑی تعداد کی ایڈوانس بکنگ بھی کرا دی گئی اور انہیں کہا جا رہا ہے کہ وہاں پر آنیوالے اخراجات بھی (ن) لیگ کے تاجر رہنما خود برداشت کرینگے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں سابق حکومت کے دور میں اچھی سیٹوں ، بڑے عہدے رکھنے والے تاجروں کی جانب سے اس حوالے سے فنڈ بھی قائم کر دیا گیا جو احتجاجی تحریک کو کامیاب کرنے میں استعمال ہو گا ،جس میں نہ صرف سیروتفریح ہو گی بلکہ مختلف مارکیٹوں میں احتجاجی بینرز اور اشتہاری مہم پر بھی خرچ ہو گا ۔ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے شمالی علاقہ جات میں ہونے والی بکنگ، جس تاجر کے نام سے کرائی گئی ،جس اکائونٹ سے رقم بھجوائی گئی،جانے والے تاجروں کی تمام تفصیلات حاصل کر لی ہیں ۔ بڑی تعداد ان تاجروں کی ہے جو لیگی دور میں بھر پور فائدے حاصل کرتے رہے ہیں، ان میں ایسے تاجر رہنما بھی شامل ہیں جو کہ ایک طرف حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانیاں کراتے رہے تو دوسری طرف احتجاج میں بھی ساتھ دینے کا اعلان کر رہے ہیں ۔