لندن(این این آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی مبینہ طور پر برطانیہ میں مشکوک جائیدادوں پر تحقیقات کیلئے برطانوی حکام کو شکایت دائر کرنے کے دعویٰ کو برطانوی عہدیداروں نے مسترد کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق برٹش نیشنل کرائم ایجنسی کے ترجمان نے کہاکہ ہ عابد شیر علی نے لندن میں این سی اے کی پرانی عمارت کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں تجویز دی گئی تھی کہ وہ یہاں شکایت درج نہیں کراسکتے ، انہیں ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کا پتہ فراہم کردیا گیا ۔ عابد شیر علی نے ہمارے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا نہ ہمیں کوئی دستاویزات فراہم کی۔ شکایات صرف ادارے کے ووکس ہال میں قائم ہیڈ کوارٹرز میں درج کرائی جاسکتی ہیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق رابطہ کرنے پر ن لیگی رہنما عابد شیر علی اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور کہا کہ میں اپنے بیان پر کھڑا ہوں کہ فیصل واوڈا کی برطانیہ میں 11 جائیدادیں ہی،تمام شواہد این سی اے کو دے دیئے ہیں ، باقی این سی اے والوں پر ہے کہ وہ کیا کرتے ہیں۔