لاہور،گوجرانوالہ،حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ (خصوصی نمائندہ،کرائم رپورٹر، نمائندگان) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گوجرانوالہ اورحافظ آباد کے دورے کیے ، وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، ٹیچنگ ہسپتال،گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر،ماڈل پولیس سٹیشن ماڈل ٹاؤن اور گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی کا دورہ کیاجبکہ شہر کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اورصفائی کی ابتر صورتحال اورفرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا،وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں سابق دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو معطل کرنے کا حکم دیا اورکرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلی معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ٹیچنگ ہسپتال کے دورے اورسرکٹ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس کے دوران ہیلتھ کیئر کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی،یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ نے ماڈل ٹاؤن گوجرانوالہ میں قائم ماڈل پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور پولیس سٹیشن کے مختلف شعبے دیکھے ۔ دریں اثناوزیراعلیٰ سے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرزنے بھی ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے معذور افراد میں وہیل چیئرز بھی تقسیم کیں ۔بعدازاں وزیراعلیٰ حافظ آباد گئے اورانہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال حافظ آباد کا دورہ کیااور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد کا بھی دورہ کیا ،قیدیوں سے مسائل پوچھے ، کھانا کھا کر اس کا معیار چیک کیا،وزیراعلیٰ نے قیدیوں کی ہر بیرک میں ٹیلی ویژن لگانے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صدارتی ایوارڈ یافتہ افسانہ نگار خالدہ حسین اور وزیراعلیٰ آفس کے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر عمران کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بعدازاں موسم کی خرابی کے باعث منڈی بہاؤالدین اور چنیوٹ کا پہلا دورہ منسوخ کرکے لاہور واپس پہنچ گئے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے بھکر میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بھکر سے رپورٹ طلب کرلی۔