وزیرآباد(نامہ نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی اور قائم مقام گورنر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لائیں گے ۔وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا سیاسی ٹمپریچرمعمول کے مطابق ہے ۔ افواہوں پر کان نہ دھریں۔سابق حکمرانوں کی ڈیل کے حوالے سے ن لیگ والے بہتر بتا سکتے ہیں۔ کشمیرکے حوالے سے دنیا پاکستان کے موقف کو سمجھنے لگی ہے ۔کشمیر کی آزادی کے آثار نمایاں ہیں۔وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 4ارب روپے کا عوام دوست منصوبہ ہے جسے انتقامی کار روائی کا حصہ بنایا گیا۔منصوبہ مکمل ہونے میں دس سال ضائع ہوئے ۔ ملتان ، پنڈی اور وزیرآباد کے کارڈیالوجی ہسپتالوں کو اس سال مکمل فنکشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہسپتالوں کی ابتدائی ڈیمانڈ مکمل کر دی گئی ہے ۔ڈاکٹروں سمیت طبی عملہ کو تمام بنیادی سہولتیں میسر ہونگی۔ڈاکٹر مبشر منظور عالم نے سپیکر کو کارڈیالوجی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ڈبلیو آئی سی 2007میں 200کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا جو اب 400کروڑ کا منصوبہ ہے ۔قبل ازیں چودھری پرویز الٰہی نے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی وسیع و عریض ماسٹر آف آرٹ عمارت کا معائنہ کیا اور اس کے مختلف شعبہ جات دیکھے ۔ ڈاکٹر مبشر منظور عالم نے آڈیٹوریم میں سپیکر کو ہسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور ضروریات سے آگاہ کیا۔